علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 901
´ولیمہ کا بیان`
سیدنا عمر بن ابی سلمہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے فرمایا ”اے بچے! اللہ کا نام لے کر کھانا شروع کرو اور اپنے سیدھے ہاتھ سے کھاؤ اور اپنے سامنے سے کھاؤ۔“ (بخاری و مسلم) «بلوغ المرام/حدیث: 901»
تخریج: «أخرجه البخاري، الأطعمة، باب التسمية علي الطعام والأكل باليمين، حديث:5376، ومسلم، الأشربة، باب آداب الطعام والشراب وأحكامهما، حديث:2022.»
تشریح:
معلوم ہوا کہ کھانا ہمیشہ بسم اللّٰہ پڑھ کر دائیں ہاتھ سے اور اپنے سامنے سے کھانا چاہیے‘ البتہ اگر کھانے کی اشیاء مختلف ہوں تو دل پسند چیز جہاں ہو لے سکتا ہے جیسا کہ دوسری احادیث سے ثابت ہوتا ہے۔
راویٔ حدیث: «حضرت عمر بن ابو سلمہ رضی اللہ عنہ» عمر بن ابو سلمہ عبداللہ بن عبدالاسد بن ہلال مخزومی۔
یہ ام المومنین حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے لخت جگر ہیں‘ اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی تربیت و پرورش فرمائی تھی۔
حبشہ میں پیدا ہوئے۔
ان کی پیدائش ہجرت حبشہ اور ہجرت مدینہ کے درمیانی عرصے میں ہوئی تھی۔
۸۳ ہجری میں وفات پائی۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 901