الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔

 
صحيح مسلم کل احادیث 3033 :ترقیم فواد عبدالباقی
صحيح مسلم کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
صحيح مسلم
مشروبات کا بیان
The Book of Drinks
14. باب كَرَاهِيَةِ الشُّرْبِ قَائِمًا:
14. باب: کھڑے ہو کر پانی پینے کا بیان۔
حدیث نمبر: 5279
پی ڈی ایف بنائیں اعراب
حدثني عبد الجبار بن العلاء ، حدثنا مروان يعني الفزاري ، حدثنا عمر بن حمزة ، اخبرني ابو غطفان المري ، انه سمع ابا هريرة ، يقول: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " لا يشربن احد منكم قائما فمن نسي فليستقئ ".حَدَّثَنِي عَبْدُ الْجَبَّارِ بْنُ الْعَلَاءِ ، حَدَّثَنَا مَرْوَانُ يَعْنِي الْفَزَارِيَّ ، حَدَّثَنَا عُمَرُ بْنُ حَمْزَةَ ، أَخْبَرَنِي أَبُو غَطَفَانَ الْمُرِّيُّ ، أَنَّهُ سَمِعَ أَبَا هُرَيْرَةَ ، يَقُولُ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " لَا يَشْرَبَنَّ أَحَدٌ مِنْكُمْ قَائِمًا فَمَنْ نَسِيَ فَلْيَسْتَقِئْ ".
ابوغطفان مری سے روایت ہے کہ انھوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا، کہہ رہے تھے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تم میں سے کوئی شخص کھڑے ہوکر ہر گز نہ پیے اور جس نے بھول کرکھڑے ہوکر پی لیا، وہ قے کردے۔"
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی ایک کھڑا ہو کر ہرگز نہ پیے اور جو بھول کر ایسا کر لے، وہ قے کر دے۔
ترقیم فوادعبدالباقی: 2026
   صحيح مسلم5279عبد الرحمن بن صخرلا يشربن احد منكم قائما فمن نسي فليستقئ
   بلوغ المرام1246عبد الرحمن بن صخرلا يشربن احد منكم قائما

تخریج الحدیث کے تحت حدیث کے فوائد و مسائل
  الشيخ عبدالسلام بن محمد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 1246  
´کھڑے ہو کر پانی پینا`
«وعنه رضى الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: لا يشربن احد منكم قائما. أخرجه مسلم»
اور ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے ہی روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص کھڑا ہو کر ہرگز نہ پیئے۔ [بلوغ المرام/كتاب الجامع/باب الأدب: 1246]
تخریج:
[مسلم، الاشربه: 5279]،
[بلوغ المرام: 1246]،
[تحفة الاشراف 89/11]

فوائد:
صحیح مسلم میں اس حدیث کے ساتھ یہ الفاظ بھی ہیں: «فمن نسي فليستقي» جو بھول جائے قے کر دے۔
صحیح مسلم میں انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہو کر پینے سے منع فرمایا، قتادہ فرماتے ہیں: ہم نے انس رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ پھر کھانے کا کیا حکم ہے تو فرمایا: «ذاك اشر واخبث» وہ تو اس سے بھی بدتر ہے۔ اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ کھانے میں پینے کی بہ نسبت زیادہ دیر کھڑا رہنا پڑتا ہے۔ [فتح]
➋ کھڑا ہو کر پینے کی ممانعت کی طبی وجہ یہ ہے کہ آدمی بیٹھ کر پیئے تو عموماً اطمینان سے پیتا ہے جس سے اچھو لگنے کا خطرہ کم ہوتا ہے اسی طرح حلق، غذا کی نالی اور معدہ و جگر میں درد کا امکان کم ہو جاتا ہے جب کہ کھڑے ہو کر پینے سے جلد بازی کی وجہ سے ان تکلیفوں کا امکان زیادہ ہوتا ہے قے کرنے سے ان تکلیفوں کے زائل ہونے کی امید ہے۔ کیونکہ اس سے رکی ہوئی وہ خلط رواں ہو جاتی ہے جو قے کے بغیر رواں نہیں ہو سکتی۔ ممانعت کی ایک وجہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود بیان فرمائی ہے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک آدمی کو کھڑے ہو کر پیتے ہوئے دیکھا تو فرمایا: قے کر دو عرض کیا کیوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم پسند کرتے ہو کہ تمہارے ساتھ بلا پیئے، اس نے کہا نہیں، فرمایا: تمہارے ساتھ اس نے پیا ہے جو اس سے بدتر ہے۔ شیطان (نے تمہارے ساتھ پیا ہے)۔ [مسند احمد 7990]
اس حدیث کی سند کے رجال شیخین کے رجال ہیں سوائے ابوزیاد کے انہیں یحییٰ بن معین نے ثقہ اور ابوحاتم نے صالح الحدیث کہا ہے۔ [سلسلة الأحاديث الصحيحة 175]
➌ ان احادیث کے مقابلے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کھڑے ہو کر پینا صحیح احادیث سے ثابت ہے ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زمزم پلایا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہونے کی حالت میں پیا۔ [بخاري 5617، مسلم الاشربه 117]
سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے ظہر کی نماز پڑھی پھر کوفہ کے رحبہ میں لوگوں کی ضروریات کے لئے بیٹھے ہے۔ یہاں تک کہ عصر کا وقت ہو گیا تو ان کے پاس پانی لایا گیا۔ انہوں نے منہ اور ہاتھ دھوئے۔ راوی نے سر اور پاؤں کا بھی ذکر کیا۔ پھر کھڑے ہو کر بچا ہوا پانی پی لیا پھر فرمایا: کچھ لوگ کھڑے ہو کر پینے کو برا جانتے ہیں حالانکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طرح کیا جس طرح میں نے کیا۔ [بخاري: 5616]
سیدہ کبشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس آئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مشکیزے کے منہ سے جو لٹکا ہوا تھا کھڑے ہو کر پیا۔ [ترمذي / الاشربه صحيح الترمذي 1542]
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں چلتے ہوئے کھا لیتے تھے اور کھڑے ہوئے پی لیتے تھے۔ [ترمذي/ الاشربه، صحیح الترمذي 1533]
مؤطا میں ہے کہ سیدنا عمر، سیدنا عثمان، سیدنا علی رضی اللہ عنہم کھڑے ہو کر پی لیتے تھے سعد اور سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بھی اس میں کوئی حرج نہیں سمجھتے تھے۔ [فتح الباري 86/10]
➍ جب ممانعت اور جواز کی احادیث صحیح سند کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہیں تو اب ان پر عمل کیسے ہو گا۔ اہل علم نے اس میں مختلف طریقے اختیار فرمائے ہیں۔
پہلا طریقہ: حافظ ابن حزم رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ نہی کی احادیث سے جواز کی احادیث منسوخ ہو گئیں کیونکہ اشیاء میں اصل اباحت ہے۔ اس لئے پہلے کھڑے ہو کر پینا جائز تھا جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرما دیا تو اب کھڑے ہو کر پینا حرام ہے کیونکہ نہی کا اصل یہی ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ نسخ صرف احتمال سے ثابت نہیں ہوتا بلکہ اس کے لئے تاریخ معلوم ہونا ضروری ہے۔ جو یہاں معلوم نہیں بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجۃ الوداع میں کھڑے ہو کر پانی پیا ہے۔ اس لئے یہ بات درست معلوم نہیں ہوتی۔ کھڑے ہو کر پینے سے انسان گو گناہ گار نہیں بنتا البتہ اجر و ثواب سے ضرور محروم رہتا ہے جب کہ بیٹھ کر پینے سے اجر و ثواب ملتا ہے اور سنت پر عمل ہوتا ہے۔
دوسرا طریقہ: کھڑے ہو کر پینے سے نہی کی احادیث نہی تنزیہی ہے۔ اس لئے قے کرنے کا حکم بھی استحباب پر محمول ہو گا۔ یعنی اجر و ثواب یہی ہے کہ قے کر دے۔ اس کی دلیل یہ ہے کہ منع کرنے کے باوجود جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود کھڑے ہو کر پانی پیا تو اس سے ثابت ہوا کہ کھڑے ہو کر پینا گناہ نہیں خلفاء راشدین اور صحابہ کرام کے عمل سے اس کی مزید تائید ہوتی ہے۔ البتہ اس سے بچنا اجر و ثواب ہے کیونکہ اگر یہ بھی نہ مانا جائے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے منع فرمانے کا کوئی فائدہ ہی باقی نہیں رہتا۔
اکثر اہل علم نے اس مسئلہ میں یہی موقف اختیار فرمایا ہے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں یہ سب سے اچھا مسلک ہے اور اس پر اعتراض کی گنجائش سب سے کم ہے۔
تیسرا طریقہ: کھڑے ہو کر پینا منع ہے لیکن اگر کوئی عذر ہو تو کھڑا ہو کر پی سکتا ہے جن مواقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہو کر پیا ہے ان پر اگر غور کریں تو یہی بات سمجھ آتی ہے۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کی روایت میں ہے کہ زمزم کنوئیں پر آپ کو ڈول پکڑایا گیا تو آپ نے کھڑے ہو کر پیا ظاہر ہے کہ حاجیوں کے انبوہ میں کنوئیں کے پاس جہاں چاروں طرف پانی بکھرا ہوا ہو ڈول سے بیٹھ کر پینا آسان نہیں اس لئے آپ نے کھڑے ہو کر پی لیا۔
کبشہ رضی اللہ عنہا کی حدیث میں ہے کہ آپ نے لٹکے ہوئے مشکیزے کے منہ سے پانی پیا، جو بیٹھ کر پینا مشکل تھا۔ على رضی اللہ عنہ کی حدیث میں آپ نے وضوء کا بچا ہوا پانی کھڑے ہونے کی حالت میں پیا اگرچہ احتمال موجود ہے کہ آپ نے وضو بیٹھ کر کیا ہو مگر یہ امکان بھی ہے کہ آپ نے مشکیزے سے وضو کیا ہو اور اسی میں سے کھڑے کھڑے پانی پی لیا ہو۔
یہی بات زیادہ درست معلوم ہوتی ہے کہ نہی کو اس کے اصل معنی پر رکھا جائے کہ کھڑے ہو کر پینا ناجائز ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے فعل کو کسی عذر پر محمول کیا جائے۔ کیونکہ کھڑے ہو کر پینے پر قے جیسے تکلیف دہ عمل کے حکم اور کھڑے ہو کر پینے کی صورت میں شیطان کے ساتھ پینے کے ذکر کے بعد نہی کو تنزیہ پر محمول کرنا مشکل ہے۔
جن صحابہ سے کھڑے ہو کر پینے کا ذکر آیا ہے ممکن ہے انہیں نہی کی احادیث نہ پہنچی ہوں اور انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کھڑے ہو کر پیتے دیکھ کر اس عمل کو مطلقاً جائز سمجھ لیا ہو۔ ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نہی پہنچ جانے کے بعد بلاعذر کھڑے ہو کر کھانے پینے سے اجتناب کرنا ہو گا۔ ہاں اگر بیٹھنے سے معذور ہوں، تو کھڑے ہو کر کھا پی سکتے ہیں۔ «والله اعلم»
چوتھا طریقہ: آب زمزم اور وضو سے بچا ہوا پانی کھڑے ہو کر پی سکتے ہیں ان دونوں کے سوا کھڑے ہو کر پینا منع ہے۔
پانچواں طریقہ: کھڑے ہو کر پینا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ خاص ہے دوسرے کھڑے ہو کر نہیں پی سکتے۔
   شرح بلوغ المرام من ادلۃ الاحکام کتاب الجامع، حدیث\صفحہ نمبر: 45   
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 1246  
´ادب کا بیان`
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی کھڑے کھڑے پانی نہ پئے۔ (مسلم) «بلوغ المرام/حدیث: 1246»
تخریج:
«أخرجه مسلم، الأشربة، باب في الشرب قائمًا، حديث:2026.»
تشریح:
اس حدیث میں کھڑے کھڑے پانی پینے کی ممانعت ہے۔
اس ممانعت کو جمہور علماء نے نہی تنزیہی پر محمول کیا ہے لیکن ابن حزم رحمہ اللہ کا قول ہے کہ کھڑے ہو کر پانی پینا حرام ہے۔
اور بعض علماء اسے مکروہ قرار دیتے ہیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کھڑے ہو کر پانی پینا ثابت ہے‘ غالباً اسی بنا پر جمہور نے کھڑے ہو کر پانی پینے کی ممانعت کو نہی تحریمی پر محمول نہیں کیا۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث\صفحہ نمبر: 1246   
  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 5279  
1
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
کھڑے ہو کر پانی پینے کے سلسلہ میں مختلف روایات وارد ہیں،
اس لیے ان میں تطبیق دینے میں اختلاف ہے،
کسی نے جواز کی احادیث کو منسوخ کر دیا اور کسی نے ممانعت کی روایات کو منسوخ کہا ہے،
کسی نے جواز کی احادیث کو ترجیح دی ہے اور کسی نے کہا،
کھڑا ہونے سے مراد چلتے پھرتے ہے،
لیکن اکثر فقہاء کے نزدیک اس کا تعلق ادب اور سلیقہ سے ہے،
یعنی ادب کا تقاضا اور سلیقہ شعار یہی ہے کہ انسان بیٹھ کر پیے،
یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ کھڑے ہو کر پینے کو معمول اور عادت بنانا درست نہیں ہے،
یا بیٹھنے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو اور کھڑا ہونے کی مجبوری نہ ہو تو پھر کھڑے ہو کر پینا درست نہیں ہے،
اس لیے آپ ﷺ نے فرمایا:
"جس نے کھڑے ہو کر پیا،
وہ قے کر دے،
تاکہ آئندہ وہ اس حرکت سے باز رہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث\صفحہ نمبر: 5279   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.