🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

تفسیر القرآن الکریم
سورة الدخان
طَعَامُ الۡاَثِیۡمِ ﴿ۖۛۚ۴۴﴾
گناہ گار کا کھانا ہے۔[44]
تفسیر القرآن الکریم
(آیت 44){ طَعَامُ الْاَثِيْمِ: ” الْاَثِيْمِ “} سے مراد یہاں کافر و مشرک اور قیامت کا منکر ہے، کیونکہ پیچھے انھی کا ذکر آ رہا ہے اور آگے آیت (۵۰): «‏‏‏‏اِنَّ هٰذَا مَا كُنْتُمْ بِهٖ تَمْتَرُوْنَ» ‏‏‏‏ (یہ ہے جس میں تم شک کیا کرتے تھے) سے بھی ظاہر ہے کہ یہ لوگ مومن نہیں ہوں گے، کیونکہ ایمان تو یقین کا نام ہے۔ سورۂ قلم میں بھی {”اثيم“} کا لفظ کافر کے متعلق آیا ہے، فرمایا: «مَنَّاعٍ لِّلْخَيْرِ مُعْتَدٍ اَثِيْمٍ» ‏‏‏‏ [ القلم: ۱۲ ] ” خیر کو بہت روکنے والا، حد سے بڑھنے والا، سخت گناہ گار ہے۔“ سورۂ جاثیہ میں فرمایا: «‏‏‏‏وَيْلٌ لِّكُلِّ اَفَّاكٍ اَثِيْمٍ» [ الجاثیۃ: ۷ ] ”بڑی ہلاکت ہے ہر سخت جھوٹے، گناہ گار کے لیے۔“