🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

بلوغ المرام سے متعلقہ
تمام کتب
ترقیم شاملہ
عربی
اردو
حدیث کتب میں نمبر سے حدیث تلاش کریں:

بلوغ المرام میں ترقیم شاملہ سے تلاش کل احادیث (1359)
حدیث نمبر لکھیں:
حدیث میں اردو لفظ/الفاظ تلاش کریں
اردو لفظ / الفاظ لکھیں:
حدیث میں اردو لفظ/الفاظ تلاش کریں
اردو لفظ / الفاظ لکھیں:
(جنازے کے متعلق احادیث)
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 475
وعن أم عطية رضي الله عنها قالت: أخذ علينا رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم عند البيعة أن لا ننوح. متفق عليه.
سیدہ ام عطیہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے بیعت کے موقع پر یہ عہد لیا تھا کہ ہم میت پر نوحہ نہیں کریں گی۔ (بخاری و مسلم) [بلوغ المرام/حدیث: 475]
تخریج الحدیث: «أخرجه البخاري، الجنائز، باب ما ينهي من النوح والبكاء، والزجر عن ذلك، حديث:1306، ومسلم، الجنائز، باب التشديد في النياحة، حديث:936.»

تخريج الحديث:
کتاب
نمبر
مختصر عربی متن
صحيح البخاري
4892
بايعنا رسول الله فقرأ علينا أن لا يشركن بالله شيئا
صحيح البخاري
7215
نهانا عن النياحة فقبضت امرأة منا يدها فقالت فلانة أسعدتني وأنا أريد أن أجزيها فلم يقل شيئا فذهبت ثم رجعت فما وفت امرأة إلا أم سليم وأم العلاء وابنة أبي سبرة امرأة معاذ أو ابنة أبي سبرة وامرأة معاذ
صحيح البخاري
1306
لا ننوح فما وفت منا امرأة غير خمس نسوة أم سليم وأم العلاء وابنة أبي سبرة امرأة معاذ وامرأتين أو ابنة أبي سبرة وامرأة معاذ وامرأة أخرى
صحيح مسلم
2164
أخذ علينا رسول الله في البيعة ألا تنحن فما وفت منا غير خمس منهن أم سليم
صحيح مسلم
2163
أخذ علينا رسول الله مع البيعة ألا ننوح فما وفت منا امرأة إلا خمس أم سليم وأم العلاء وابنة أبي سبرة امرأة معاذ أو ابنة أبي سبرة وامرأة معاذ
سنن أبي داود
1139
بالعيدين أن نخرج فيهما الحيض والعتق ولا جمعة علينا ونهانا عن اتباع الجنائز
سنن النسائى الصغرى
4185
أخذ علينا رسول الله البيعة على أن لا ننوح
بلوغ المرام
475
اخذ علينا رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم عند البيعة ان لا ننوح
بلوغ المرام کی حدیث نمبر 475 کے فوائد و مسائل
علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 475
فوائد و مسائل:
اس سے صاف طور پر معلوم ہو رہا ہے کہ مرنے والوں پر نوحہ اور بین کرنا، چیخنا لانا، واویلا کرنا، گریباں چاک کرنا اور منہ نوچنا وغیرہ حرام افعال ہیں۔
➋ غم سے آنکھوں کا اشک بار ہونا اور آنسووں کا بےاختیار بہہ نکلنا حرام نہیں، گویا آنکھوں کا فعل حرام نہیں بلکہ زبان کا فعل حرام ہے۔
[بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 475]

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 2163
حضرت ام عطیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے بیعت کے ساتھ یہ عہد بھی لیاکہ ہم نوحہ نہیں کریں گی لیکن ہم میں سے کسی عورت نے پانچ عورتوں، ام سلیم، ام العلاء، معاذ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بیوی ابوسبرہ کی بیٹی معاذ کی بیوی، یا ابوسبرہ کی بیٹی اور معاذ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بیوی کے سوا کسی نے اس عہد کا حق ادا نہیں کیا۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:2163]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
ابوسبرۃ کی بیٹی الگ عورت ہے۔
کیونکہ حضرت معاذ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بیوی کا نام تو ام عمرو بنت خلاد رضی اللہ تعالیٰ عنہا ہے۔
اور پانچویں عورت خود ام عطیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ہیں۔
ام عطیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کےساتھ بیعت کرنے والی عورتوں میں سے انہیں پانچ نے اس عہد کا پورا پورا حق ادا کیا۔
اور ان کے علاوہ اور بے شمار مسلمان عورتوں نے بھی نوحہ ترک کردیا تھا۔
لیکن کچھ عورتین ان میں کچھ کمزوری تھی۔
[تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2163]

مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1306
1306. حضرت اُم عطیہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا:نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے بیعت لیتے وقت یہ عہد لیا تھا کہ ہم نوحہ نہیں کریں گی۔ مگر اس عہد کو صرف پانچ عورتوں نے پورا کیا، یعنی اُم سلیم ؓ، ام علاء، ابو سبرہ ؓ کی بیٹی جو معاذ کی بیوی تھیں اور مزید دو عورتیں یا یوں کہا کہ ابو سبرہ کی دختر، معاذ کی زوجہ اور ایک کوئی دوسری عورت۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1306]
حدیث حاشیہ:
حدیث کے راوی کو یہ شک ہے کہ یہ ابوسبرہ کی وہی صاحبزادی ہیں جو معاذ ؓ کے گھر میں تھیں یا کسی دوسری صاحبزادی کا یہاں ذکر ہے اور معاذ کی جو بیوی اس عہد کا حق ادا کرنے والوں میں تھیں وہ ابوسبرہ کی صاحبزادی نہیں تھیں۔
معاذ کی جورو ام عمرو بنت خلاد تھی۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم وقتاً فوقتاً مسلمان مردوں‘ عورتوں سے اسلام پر ثابت قدمی کی بیعت لیا کرتے تھے۔
ایسے ہی ایک موقع پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں سے خصوصیت سے نوحہ نہ کرنے پر بھی بیعت لی۔
بیعت کے اصطلاحی معنی اقرار کرنے کے ہیں۔
یہ ایک طرح کا حلف نامہ ہوتا ہے۔
بیعت کی بہت سی قسمیں ہیں۔
جن کا تفصیلی بیان اپنے موقع پر آئے گا۔
اس حدیث سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ انسان کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو پھر بھی کمزوریوں کا مسجمہ ہے۔
صحابیات کی شان مسلم ہے پھر بھی ان میں بہت سی خواتین سے اس عہد پر قائم نہ رہا گیا جیسا کہ مذکور ہوا ہے۔
[صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1306]

مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4892
4892. حضرت ام عطیہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے، انہوں نے کہا: ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیعت کی تو آپ نے ہمارے سامنے اس آیت کی تلاوت فرمائی کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں کریں گی۔۔ اور ہمیں نوحہ کرنے سے منع فرمایا۔ (آپ کی اس ممانعت پر) ایک عورت نے اپنا ہاتھ کھینچ لیا اور کہا کہ فلاں عورت نے (نوحہ کرنے میں) میری مدد کی تھی، اب میں چاہتی ہوں کہ اس کا بدلہ چکا آؤں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا کوئی جواب نہ دیا، چنانچہ وہ گئی اور پھر واپس لوٹ آئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے بیعت کر لیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4892]
حدیث حاشیہ:
دوسری روایت میں ہے کہ آپ نے اس کو اجازت دی۔
یہ ایک خاص حکم تھا جو حضرت ام عطیہ رضی اللہ عنہا کو دیا گیا ورنہ نوحہ عموماً حرام ہے اس کی حرمت میں احادیث صحیحہ وارد ہیں اور بعض مالکیہ کا قول ہے کہ نوحہ حرام بلکہ شاذ اور مردود ہے۔
قسطلانی نے کہا پہلے نوحہ مباح تھا پھر مکروہ تنزیہی ہوا پھر حرام ہوا اور ممکن ہے کہ حضرت ام عطیہ رضی اللہ عنہا کے بیعت کرتے وقت مکروہ تنزیہی ہوا، اس لئے آپ نے اجازت دی ہو، اس کے بعد حرام ہو گیا ہو۔
حافظ نے کہا نوحہ کرنا مطلقاً حرام ہے اور یہی تمام علماء کا مذہب ہے تو ﴿وَلَا يَعْصِينَكَ فِي مَعْرُوفٍ﴾ سے یہ مراد ہوگا کہ نوحہ نہ کریں یا غیر مرد کریں یا شوہروں کی نا فرمانی نہ کریں اگر یہ معنی ہو کہ اچھی بات میں تیری نا فرمانی نہ کریں تب تو عورتوں مردوں سب کے لئے یہ حکم عام ہوگا جیسے آگے کی حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے لیلۃ العقبہ میں انصار سے انہیں شرطوں پر بیعت لی تھی اور انصار کے ہر مرد و عورت نے بخوشی ان شرطوں پر بیعت کر کے اپنے عمل سے یہ ثابت کر دیا کہ ہم شرطوں سے پھرنے والے اور بیعت سے منہ موڑنے والے نہیں ہیں، اللہ پاک انصار کو ان کی وفا داری کی بہترین جزائیں بخشے۔
آمین۔
[صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4892]

مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7215
7215. سیدہ ام سلیم عطیہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے انہوں نے کہا: ہم نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بیعت کی تو آپ نے ہم پر یہ آیت پڑھی: وہ اللہ کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہیں ٹھہرائیں گی۔ اور آپ نے ہمیں نوحہ کرنے سے منع فرمایا تو ہم میں سے ایک عورت نے اپنا ہاتھ پیچھے کرلیا اور کہا: فلاں عورت نے (نوحہ کرنے میں) میری مدد کی تھی اور میں اسے اس کا بدلہ لینا چاہتی ہوں۔ اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ نہ کہا تو وہ گئی پھر وآپس آئی۔ (میرے ساتھ بیعت کرنے والی عورتوں میں سے) کسی عورت نے اس بیعت کو پورا نہ کیا سوائے ام سلیم، ام علاء، معاذ رضی اللہ عنہ کی بیوی بنت ابو سبرہ کی بیٹی اور معاذ رضی اللہ عنہ کی بیوی کے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7215]
حدیث حاشیہ:
روایت میں ہاتھ کھینچنے سے مراد یہ ہے کہ بیعت کی شرطیں قبول کرنے میں اس نے توقف کیا۔
بیعت پر قائم رہنے والی وہ پانچ عورتیں یہ ہیں۔
ام سلیم اور ام العلاء‘ ابی سبرہ کی بیٹی اور معاذ کی عورت اور ایک عورت اور یہ سب نوحہ کرنے سے رک گئیں۔
یہ راوی کا شک ہے کہ ابو سبرہ کی بیٹی وہ معاذ کی جورو تھی یا معاذ کی جورو اس کے سوا تھی۔
حافظ نے کہا صحیح یہ ہے کہ صحیح واؤ عطف کے ساتھ ہے کیونکہ معاذ کی جورو ام عمر رضی اللہ عنہ بنت خلاد تھی۔
نسائی کی روایت میں صاف یوں ہے آپ نے فرمایا جا اس کا بدلہ کرآ وہ گئی پھر آئی اور آپ سے بیعت کی شاید یہ نوحہ اس قسم کا نہ ہو گا جو قطعاً حرام ہے یا یہ اجازت خاص طور سے اس عورت کے لیے ہو کی بعض مالکیہ کا یہ قول ہے کہ نوحہ حرام نہیں ہے مگر نوحہ میں جاہلیت کے افعال حرام ہیں جیسے کپڑے پھاڑنا‘ منہ یا بدن نوچنا‘ خاک اڑانا۔
بعضوں نے کہا اس وقت تک نوحہ حرام نہیں ہوا تھا۔
قسطلانی نے کہا صحیح یہ ہے کہ پہلے نوحہ جائز تھا پھر مکروہ تنزیہی ہوا پھر مگر وہ تحریمی۔
(وحیدی)
[صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7215]

الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1306
1306. حضرت اُم عطیہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا:نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے بیعت لیتے وقت یہ عہد لیا تھا کہ ہم نوحہ نہیں کریں گی۔ مگر اس عہد کو صرف پانچ عورتوں نے پورا کیا، یعنی اُم سلیم ؓ، ام علاء، ابو سبرہ ؓ کی بیٹی جو معاذ کی بیوی تھیں اور مزید دو عورتیں یا یوں کہا کہ ابو سبرہ کی دختر، معاذ کی زوجہ اور ایک کوئی دوسری عورت۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1306]
حدیث حاشیہ:
(1)
ان احادیث میں نوحہ خوانی پر بڑی سخت وعید اور زجروتوبیخ ہے، کیونکہ پہلی حدیث میں نوحہ کرنے والی عورتوں کے منہ میں مٹی ڈالنے کا حکم ہے۔
اس سے مراد حقیقتا مٹی ڈالنا ہو سکتا ہے جیسا کہ حدیث (1304)
میں حضرت عمر ؓ کے متعلق بیان ہوا ہے کہ وہ نوحہ کرنے والی عورتوں کو پتھر مارتے اور ان کے منہ میں مٹی ڈالتے تھے۔
یہ بھی ممکن ہے کہ اس سے مراد ان عورتوں کو نامراد قرار دینا ہو، کیونکہ ناکام آدمی کے متعلق کہا جاتا ہے کہ اس کے ہاتھ میں مٹی کے سوا کچھ بھی نہیں۔
(2)
مصیبت کے وقت نوحہ خوانی یا سینہ کوبی کرنا انتہائی سنگین جرم ہے۔
اس کی سنگینی کا اندازہ اس امر سے کیا جا سکتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس امتناعی حکم کے لیے خواتین اسلام سے بیعت لیتے تھے، جیسا کہ دوسری حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں سے جاہلی نوحہ و ماتم نہ کرنے کا عہد لیا تھا، مگر پانچ عورتوں کے علاوہ کسی نے بھی اس عہد کو پورا نہ کیا۔
اس سے مراد صرف وہ عورتیں ہیں جنہوں نے حضرت ام عطیہ ؓ کے ساتھ اس وقت بیعت کی تھی۔
ان کے نام یہ ہیں:
ام سلیم، ام العلاء، ام کلثوم، ام عمرو اور ہند بنت سہل۔
ممکن ہے کہ ان میں ام عطیہ ؓ بھی شامل ہوں کیونکہ بعض روایات میں ہے کہ میرے اور ام سلیم کے علاوہ کسی نے بھی اس عہد کو پورا نہیں کیا۔
لیکن ایک روایت میں وہ خود فرماتی ہیں کہ حرہ کے دن انہوں نے صحابہ کرام ؓ کی شہادت پر نوحہ کیا تھا، اس لیے وہ خود کو ان میں شمار نہ کرتی تھیں۔
ممکن ہے کہ حرہ کے واقعہ تک خود کو شامل کرتی ہوں اور اس کے بعد وہ اس کی پاسداری نہ کر سکی ہوں۔
(فتح الباري: 226/3)
والله أعلم۔
[هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1306]

الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4892
4892. حضرت ام عطیہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے، انہوں نے کہا: ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیعت کی تو آپ نے ہمارے سامنے اس آیت کی تلاوت فرمائی کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں کریں گی۔۔ اور ہمیں نوحہ کرنے سے منع فرمایا۔ (آپ کی اس ممانعت پر) ایک عورت نے اپنا ہاتھ کھینچ لیا اور کہا کہ فلاں عورت نے (نوحہ کرنے میں) میری مدد کی تھی، اب میں چاہتی ہوں کہ اس کا بدلہ چکا آؤں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا کوئی جواب نہ دیا، چنانچہ وہ گئی اور پھر واپس لوٹ آئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے بیعت کر لیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4892]
حدیث حاشیہ:

عورتوں سے بیعت لیتے وقت ان کا ہاتھ پکڑنا یا ان سے مصافحہ کرنا جائز نہیں، البتہ مردوں سے بیعت لیتے وقت ہاتھ پر ہاتھ رکھنا درست ہے۔
پہلے ایک حدیث میں اس امر کی وضاحت تھی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیعت کرتے وقت کسی عورت کا ہاتھ نہیں چھوا۔
آپ ان سے صرف زبانی بیعت لیتے تھے۔
(صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4891)

ویسے تو عورت کا میت پر رونا دھونا اور اس کے محاسن بیان کرنا نوحہ کہلاتا ہے لیکن اسلام میں دو مزید چیزیں بھی نوحے میں شامل ہیں۔
ایک یہ کہ کسی خاص گھر یا مسجد میں تعزیت کے لیے جمع ہونا۔
دوسرا یہ کہ میت کے گھر والوں کی طرف سے تعزیت کے لیے آنے والوں کا کھانا تیار کرنا چنانچہ حضرت جریر بن عبداللہ الجبلی فرماتے ہیں اہل میت کے گھر جمع ہونے اور دفن کے بعد ان کے ہاں کھانا تیار کرنے کو ہم نوحہ شمار کرتے تھے۔
(مسند أحمد: 204/2)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نوحہ خوانی کو دور جاہلیت کی یاد قراردیتے ہوئے فرمایا ہے۔
نوحہ کرنے والی اگر توبہ کرنے سے پہلے مرجائے تو قیامت کے دن اسے گندھک کی قمیص اور خارش کی اوڑھنی پہنائی جائے گی۔
(صحیح مسلم، الجنائز، حدیث: 2160۔
(934)
[هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4892]

الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7215
7215. سیدہ ام سلیم عطیہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے انہوں نے کہا: ہم نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بیعت کی تو آپ نے ہم پر یہ آیت پڑھی: وہ اللہ کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہیں ٹھہرائیں گی۔ اور آپ نے ہمیں نوحہ کرنے سے منع فرمایا تو ہم میں سے ایک عورت نے اپنا ہاتھ پیچھے کرلیا اور کہا: فلاں عورت نے (نوحہ کرنے میں) میری مدد کی تھی اور میں اسے اس کا بدلہ لینا چاہتی ہوں۔ اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ نہ کہا تو وہ گئی پھر وآپس آئی۔ (میرے ساتھ بیعت کرنے والی عورتوں میں سے) کسی عورت نے اس بیعت کو پورا نہ کیا سوائے ام سلیم، ام علاء، معاذ رضی اللہ عنہ کی بیوی بنت ابو سبرہ کی بیٹی اور معاذ رضی اللہ عنہ کی بیوی کے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7215]
حدیث حاشیہ:

ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ہاتھ سے کبھی کسی اجنبی اور غیر محرم عورت کو نہیں چھوا لیکن جب بیعت کے لیے عہدوپیمان لیتے اور وہ اس عہد کی پابندی کرلیتی تو فرماتے:
جاؤ، میں نے تم سے بیعت کرلی ہے۔
(صحیح مسلم، الأمارة، حدیث: 4835(1866)
ایک دوسری روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
میں عورتوں سے مصافحہ نہیں کرتا ہوں۔
(سنن نسائي، البیعة، حدیث: 4186)
جس آیت کا حدیث میں ذکر ہے اس کا پورا ترجمہ یہ ہے:
اے نبی! جب تمہارے پاس مومن عورتیں بعیت کرنے کے لیے آئیں کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں بنائیں گی، نہ چوری کریں گی، نہ زنا کریں گی، نہ اپنی اولاد کوقتل کریں گی، اپنی طرف سے جھوٹ گھڑ کر کسی پر بہتان طرازی نہیں کریں گی اور کسی نیک امر میں آپ کی نافرمانی نہ کریں گی توآپ ان سے بیعت کرلیں اور ان کے لیے اللہ سے معافی مانگیں۔
اللہ تعالیٰ یقیناً بے حد بخشنے والا نہایت مہربان ہے۔
(الممتحنة: 12/60)

حدیث میں ہے کہ حضرت فاطمہ بنت عقبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیعت کرنے آئیں توآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے عہد لیا کہ وہ بدکاری نہیں کریں گی۔
اس نے حیا کرتے ہوئے اپنا ہاتھ سرپررکھ لیا۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے فرمایا:
اللہ کی بندی! بیعت کرلو، اللہ کی قسم! ہم نے اسی بات پر بیعت کی تھی۔
اس نے کہا:
تب میں بھی بیعت کرتی ہوں۔
(مسندأحمد: 151/6)
[هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7215]