ثمامہ بن شُفی سے روایت ہے، انہوں نے حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ کو یہ کہتے ہوئے سنا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ منبر پر فرما رہے تھے: " (عربی) " تم ان کے مقابلے کے لیے جتنی کر سکو، قوت تیار کرو۔" (الانفال 60: 8) سن رکھو! قوت تیر اندازی (کا نام) ہے، سن رکھو! قوت تیر اندازی (کا نام) ہے، سن رکھو! قوت تیر اندازی (کا نام) ہے۔"
حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منبر پر یہ فرماتے ہوئے سنا، ”جہاں تک تمہارے بس میں ہے، ان کے لیے قوت (طاقت، اسلحہ) تیار کرو، خبردار، قوت، تیر اندازی ہے، خبردار، قوت، تیر اندازی ہے خبردار، قوت، تیر اندازی ہے۔“
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 4946
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں بہترین اقدامی اور دفاعی اسلحہ تیر اندازی تھا، جس کے ذریعہ دشمن کو نقصان پہنچایا جا سکتا تھا، اس سے معلوم ہوتا ہے، اپنے اپنے دور کے اسلحہ سے بہترین ہتھیار تیار کرنے اور اس میں مہارت حاصل کرنے کی تلقین کی گئی ہے، اس کا اصل معنی پھینکنا ہے، اس لیے اس کے تحت ہر قسم کا پھینکنے والا اسلحہ آ جاتا ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4946
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2514
´تیر اندازی کا بیان۔` عقبہ بن عامر جہنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو منبر پر فرماتے ہوئے سنا: آپ آیت کریمہ «وأعدوا لهم ما استطعتم من قوة»”تم ان کے مقابلہ کے لیے اپنی طاقت بھر قوت کی تیاری کرو“(سورۃ الأنفال: ۶۰) پڑھ رہے تھے اور فرما رہے تھے: ”سن لو، قوت تیر اندازی ہی ہے، سن لو قوت تیر اندازی ہی ہے، سن لو قوت تیر اندازی ہی ہے۔“[سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2514]
فوائد ومسائل: (رمی) کے معنی ہیں۔ کسی چیز کو پھینک کر مارنا تیر اندزی کا یہ بیان بطور رمز کے ہے، ورنہ مطلوب یہ ہے کہ بحیثیت مسلمان مسلمان کے لئے رائج الوقت اسلحہ کے استعمال کی تربیت حاصل کرنا ضروری ہے۔ اور چلا کرمارنے والے اسلحے ہی سب سے اہم ترین ہیں۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2514
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2813
´اللہ کی راہ میں تیر اندازی کا بیان۔` عقبہ بن عامر جہنی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو منبر پر آیت کریمہ: «وأعدوا لهم ما استطعتم من قوة»(سورۃ الانفال: ۶۰)”دشمن کے لیے طاقت بھر تیاری کرو“ کو پڑھتے ہوئے سنا: (اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے:)”آگاہ رہو! طاقت کا مطلب تیر اندازی ہی ہے“ یہ جملہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین بار فرمایا۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الجهاد/حدیث: 2813]
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) مسلمان کو کافروں کے مقابلے میں ہر قسم کے اسلحے میں برتر ہونا چاہیے۔
(2)(رمي) کے اصل معنی پھینکنے کے ہیں۔ دور نبوت میں صرف تیر ہی دور سے پھینک کر استعمال کیا جانےوالا ہتھیار تھا اس لیے اس کا ترجمہ تیر اندازی کیا جاتا ہے تاہم اصل لغوی معنی کے لحاظ سے ہر قسم کی رائفل، بندوق، کلاشنکوف، توپ اور میزائل وغیرہ اس میں شامل ہیں۔
(3) مسلمانوں کو اپنے دفاع کے لیے اس قسم کے اسلحے پر خاص توجہ دینی چاہیے جسے دور سے پھینکا جاتا ہے اور اسے پھینکنے کے آلات (راکٹ لانچر اور بمبار طیارے وغیرہ) بھی تیار کرنے چاہییں۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2813
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3083
´سورۃ الانفال سے بعض آیات کی تفسیر۔` عقبہ بن عامر رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منبر پر آیت: «وأعدوا لهم ما استطعتم من قوة»”تم کافروں کے مقابلے کے لیے جتنی قوت فراہم کر سکتے ہو کرو“(الانفال: ۶۰) پڑھی، اور فرمایا: «قوة» سے مراد تیر اندازی ہے۔ آپ نے یہ بات تین بار کہی، سنو عنقریب اللہ تمہیں زمین پر فتح دیدے گا۔ اور تمہیں مستغنی اور بے نیاز کر دے گا۔ تو ایسا ہرگز نہ ہو کہ تم میں سے کوئی بھی (نیزہ بازی اور) تیر اندازی سے عاجز و غافل ہو جائے۔“[سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3083]
اردو حاشہ: وضاحت: 1؎: تم کافروں کے مقابلے کے لیے جتنی قوت فراہم کر سکتے ہو کرو (الأنفال: 60)
نوٹ: (سند میں ایک راوی مبہم ہے جو دوسروں کی سند میں نہیں ہے، لیکن متابعات کی بنا پر مؤلف کی یہ روایت صحیح لغیرہ ہے)
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3083