مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث695
´نماز کے وقت سو جائے یا اسے پڑھنا بھول جائے تو کیا کرے؟`
انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس شخص کے متعلق سوال کیا گیا جو نماز سے غافل ہو جائے، یا سو جائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب یاد آ جائے تو پڑھ لے“ ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الصلاة/حدیث: 695]
اردو حاشہ:
(1)
بھول اور نیند عذر ہے جس کی وجہ سے نماز تاخیر کا گناہ نہیں ہوتا بشرطیکہ اس میں بے پرواہی کو دخل نہ ہو۔
(2)
بھول سے رہ جانے والی نماز یاد آنے پر فوراً ادا کرلینی چاہیے بلا وجہ مزید تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔
(3)
اگر نیند سے اس وقت بیدار ہو جب نماز کا وقت گزر چکا ہو تو اسی وقت نماز پڑھ لے بشرطیکہ کراہت کا وقت نہ ہو۔
ایک حدیث میں ہے رسول اللہﷺ نے فرمایا:
(لَاتَحَرَّوا بِصَلٰوتِكُمْ طُلُوعَ الشَّمْسِ وَلَا غُرُوْبِهَا) (صحيح البخاري، مواقيت الصلاة، باب الصلاة بعد الفجر حتي ترتفع الشمس، حديث: 582)
جان بوجھ کر نماز سورج طلوع یا غروب ہوتے وقت نہ پڑھو۔
۔
جس شخص کو مکروہ وقت میں نماز یاد آئی یا اس وقت جاگا تو وہ مکروہ وقت گزار کر نماز پڑھے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث\صفحہ نمبر: 695