مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3649
´گھر میں تصاویر رکھنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس گھر میں فرشتے نہیں داخل ہوتے جس میں کتا اور تصویر ہو“ ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب اللباس/حدیث: 3649]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
جو کتا رکھوالی یا شکار کے لیے ہو وہ رکھنا جائز ہے۔ (صحيح البخاري، الذبائح والصيد، باب من اقتنى كلبا ليس بكلب صيد أو ماشية، حديث: 5480)
یہ گھر كی رکھوالی کے لیے بھی ہو سکتا ہے اور کھیتی کی رکھوالی کے لیے بھی۔ (صحيح البخاري، الحرث والمزارعة، باب اقتناء الكلب للحرث، حديث: 2322)
(2)
کسی اور جائز مقصد کے لیے کتا رکھنے کو بھی قیاس کیا جا سکتا ہے مثلاً:
مجرموں کی تلاش اور نابینا افراد کی رہنمائی وغیرہ۔
(3)
تصویر سے مراد جان دار چیز کی تصویر ہے خواہ وہ کسی انسان کی تصویر ہو یا حیوان پرندے اور مچھلی وغیرہ کی۔
(4)
جان دار چیز کی تصویز خواہ مجسم ہو خواہ غیر مجسم اگرچہ اس کی عبادت نہ کی جاتی ہو تب بھی اسے گھر میں رکھنا گناہ ہے۔
عبادت تو مخلوق میں سے ہر کسی کی حرام ہے خواہ کسی نبی یا ولی کی عبادت ہو یا جن یا فرشتے کی یا کسی مزار اور قبر کی یا کسی درخت اور پتھر کی۔
سب شرک ہے۔
(5)
کرنسی نوٹ یا شناختی کارڈ وغیرہ کی تصویر کا گناہ انہیں بنانے والوں کو ہوگا بشرطیکہ رکھنے والے کے دل میں اس سے نفرت ہو۔
اور اس کے دل میں یہ خواہش ہو کہ اگر اس کے ہاتھ میں اختیار ہو تو وہ ایسی تصویریں بنانا بند کر دے گا۔
اور ان کا جائز متبادل تلاش کر کے رائج کرے گا۔
(6)
فرشتوں سے مراد رحمت کے فرشتے ہیں۔
موت کے فرشتے اللہ کے حکم کی تعمیل کےلیے وہاں بھی جاتے ہیں جہاں جانے سے انہیں نفرت ہو۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث\صفحہ نمبر: 3649