الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔

 
صحيح مسلم کل احادیث 3033 :ترقیم فواد عبدالباقی
صحيح مسلم کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
صحيح مسلم
رضاعت کے احکام و مسائل
The Book of Suckling
15. باب اسْتِحْبَابِ نِكَاحِ ذَاتِ الدِّينِ:
15. باب: دیندار سے نکاح کرنے کا بیان۔
حدیث نمبر: 3635
پی ڈی ایف بنائیں اعراب
حدثنا زهير بن حرب ، ومحمد بن المثنى ، وعبيد الله بن سعيد ، قالوا: حدثنا يحيى بن سعيد ، عن عبيد الله ، اخبرني سعيد بن ابي سعيد ، عن ابيه ، عن ابي هريرة ، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: " تنكح المراة لاربع: لمالها، ولحسبها، ولجمالها، ولدينها، فاظفر بذات الدين تربت يداك ".حدثنا زُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ ، وَمُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، وَعُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ سَعِيدٍ ، قَالُوا: حدثنا يَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ ، عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ ، أَخْبَرَنِي سَعِيدُ بْنُ أَبِي سَعِيدٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم قَالَ: " تُنْكَحُ الْمَرْأَةُ لِأَرْبَعٍ: لِمَالِهَا، وَلِحَسَبِهَا، وَلِجَمَالِهَا، وَلِدِينِهَا، فَاظْفَرْ بِذَاتِ الدِّينِ تَرِبَتْ يَدَاكَ ".
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی، آپ نے فرمایا: "عورت کے ساتھ چار باتوں کی بنا پر شادی کی جاتی ہے: اس کے مال کی وجہ سے، اس کے حسب (ونسب) کی وجہ سے، اس کی خوبصورتی کی وجہ سے اور اس کے دین کی وجہ سے۔ تم دین والی کے ساتھ (شادی کر کے) ظفر مند بنو (کامیابی حاصل کرو) تمہارے ہاتھ خاک آلود ہوں۔" (یہ اس بات سے کنایہ ہے کہ تم ہمیشہ کام کرتے رہو
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: چار بنیادوں یا اسباب کی بنا پر عورت سے نکاح کیا جاتا ہے، اس کے مال کی بنا پر، اس کے حسب و خاندان کی بنا پر، اس کے حسن و جمال کی خاطر اور اس کی دین داری کے سبب۔ تم دین دار عورت سے شادی کر کے کامیابی حاصل کرو۔ تمہارے ہاتھ خاک آ لود ہوں۔
ترقیم فوادعبدالباقی: 1466
   صحيح البخاري5090عبد الرحمن بن صخرتنكح المرأة لأربع لمالها لحسبها جمالها لدينها اظفر بذات الدين تربت يداك
   صحيح مسلم3635عبد الرحمن بن صخرتنكح المرأة لأربع لمالها لحسبها لجمالها لدينها اظفر بذات الدين تربت يداك
   سنن أبي داود2047عبد الرحمن بن صخرتنكح النساء لأربع لمالها لحسبها لجمالها لدينها اظفر بذات الدين تربت يداك
   سنن النسائى الصغرى3232عبد الرحمن بن صخرتنكح النساء لأربعة لمالها لحسبها لجمالها لدينها اظفر بذات الدين تربت يداك
   سنن ابن ماجه1858عبد الرحمن بن صخرتنكح النساء لأربع لمالها لحسبها لجمالها لدينها اظفر بذات الدين تربت يداك
   بلوغ المرام827عبد الرحمن بن صخر تنكح المرأة لأربع : لمالها ،‏‏‏‏ ولحسبها ،‏‏‏‏ ولجمالها ،‏‏‏‏ ولدينها ،‏‏‏‏ فاظفر بذات الدين ،‏‏‏‏ تربت يداك

تخریج الحدیث کے تحت حدیث کے فوائد و مسائل
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1858  
´نیک اور دیندار عورت سے شادی کرنے کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عورتوں سے چار چیزوں کی وجہ سے شادی کی جاتی ہے، ان کے مال و دولت کی وجہ سے، ان کے حسب و نسب کی وجہ سے، ان کے حسن و جمال اور خوبصورتی کی وجہ سے، اور ان کی دین داری کی وجہ سے، لہٰذا تم دیندار عورت کا انتخاب کر کے کامیاب بنو، تمہارے ہاتھ خاک آلود ہوں۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب النكاح/حدیث: 1858]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
نکاح کا تعلق زندگی بھر کے لیے ہوتا ہے اس لیے زندگی کا ساتھی تلاش کرنے میں کوشش کی جاتی ہے کہ وہ ایسا فرد ہو جس کے ساتھ زندگی خوش گوار ہو جائے۔

(2)
اچھی بیوی یا اچھے خاوند کی خواہش ایک جائز خواہش ہے تاہم اس انتخاب کا معیار درست ہونا چاہیے۔

(3)
اکثر لوگ ظاہری چیزوں کو افضلیت کا معیار سمجھتے ہیں۔
بہت سے لوگ مال دار خاندان میں شادی کرنا پسند کرتے ہیں تاکہ ان کی دولت میں حصے دار ہو سکیں، حالانکہ دولت ڈھلتی چھاؤں ہے۔
امیر آدمی دیکھتے دیکھتے مفلس ہو جاتے ہیں اور غریب آدمی کے دن پھر جاتے ہیں اور اسے دولت حاصل ہو جاتی ہے اس لیے دائمی تعلق قائم کرنے کے لیے یہ معیار قابل اعتماد نہیں۔

(4)
بہت سے لوگ معزز خاندان میں رشتہ کرنا پسند کرتے ہیں لیکن ضروری نہیں کہ دنیا میں معزز سمجھے جانے والے خاندان کا ہر فرد اخلاق و کردار کے لحاظ سے بھی اعلیٰ ہو۔

(5)
اکثر لوگ ظاہری حسن و جمال پر فریفتہ ہوتے ہیں لیکن یہ معیار انتہائی ناقابل اعتماد ہے کیونکہ عمر گزرنے کے ساتھ ساتھ حسن میں کمی ہوتی چلی جاتی ہے۔

(6)
اصل قابل اعتماد معیار نیکی اور تقویٰ ہے۔
نیک بیوی غریبی میں بھی باوقار رہتی ہے اور امارت میں مغرور ہو کر خاوند کی توہین نہیں کرتی اور نچلے خاندان کی عورت میں اکثر نخوت و تکبر کی بدعادت پائی جاتی ہے اور وہ اپنے خاوند پر حکم چلانے کی کوششش کرتی ہے جس کی وجہ سے خاوند اور بیوی میں محبت پیدا نہیں ہو پاتی جو خوش گوار زندگی کے لیے ضروری ہے لیکن نیک بیوی جو خاوند کے حقوق و فرائض سے آگاہ ہے وہ اونچے خاندان کی ہو یا ادنیٰ خاندان کی، گھر کو جنت بنا دیتی ہے۔

(7) (تربت یداك)
کے لفظی معنی یہ ہیں:
تیرے ہاتھوں کو مٹی لگے۔
یعنی تو مفلس ہو جائے، تیرے ہاتھ میں خاک کے سوا کچھ نہ رہے لیکن اہل عرب یہ محاورہ اس معنی میں نہیں بولتے بلکہ تعریف یا مذمت کے موقع پر یہ جملہ بولتے ہیں۔
یہاں تعریف مراد ہے کہ جسے نیک عورت مل گئی وہ قابل تعریف ہے کہ اس کی زندگی اچھی گزرے گی۔
اور نیکی میں تعاون کرنے والی نیک بیوی کی وجہ سے آخرت بھی اچھی ہو جائے گی اور ہر لحاظ سے اس کا بھلا ہو جائے گا۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث\صفحہ نمبر: 1858   
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 827  
´(نکاح کے متعلق احادیث)`
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا عورت سے نکاح چار اسباب و وجوہ سے کیا جاتا ہے۔ اس کے مال کی وجہ سے، اس کے خاندان کی وجہ سے، اس کے حسن و جمال کی وجہ سے اور اس کے دین کی بنا پر۔ پس تو دیندار سے ظفر مند (نکاح کر) ہو۔ تیرے دونوں ہاتھ خاک آلود ہوں۔ (بخاری و مسلم) نیز باقی ساتوں نے بھی اسے روایت کیا ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 827»
تخریج:
«أخرجه البخاري، النكاح، باب الأكفاء في الدين، حديث:5090، ومسلم، الرضاع، باب استحباب نكاح ذات الدين، حديث:1466، وأبوداود، النكاح، حديث:2047، والنسائي، النكاح، حديث:3232، وابن ماجه، النكاح، حديث:1858، والترمذي: لم أجده، وعند حديث جابر رضي الله تعالي عنه، حديث:1086، وأحمد:2 /428.»
تشریح:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ شادی کے لیے ہر صورت میں دین دار عورت کا انتخاب کرنا چاہیے۔
کسی کے مال و دولت یا حسن و جمال پر فریفتہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ عورت محض بیوی نہیں ہوگی بلکہ بچوں کی ماں بھی ہوگی۔
اور ظاہر ہے کہ وہ اپنی اولاد کی دینی تربیت اسی وقت کر سکے گی جب خود نیک اور دین سے وابستہ ہوگی۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث\صفحہ نمبر: 827   
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2047  
´دیندار عورت سے نکاح کا حکم۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: عورتوں سے نکاح چار چیزوں کی بنا پر کیا جاتا ہے: ان کے مال کی وجہ سے، ان کے حسب و نسب کی وجہ سے، ان کی خوبصورتی کی بنا پر، اور ان کی دین داری کے سبب، تم دیندار عورت سے نکاح کر کے کامیاب بن جاؤ، تمہارے ہاتھ خاک آلود ہوں ۱؎۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب النكاح /حدیث: 2047]
فوائد ومسائل:
جملہ (تربت يداك) تیرے ہاتھ خاک آلود ہوں بدعا کےلئے نہیں بلکہ عربی محاورے کے تحت دعا اور ترغیب کے مفہوم کا حامل ہے۔
کسی خاتون سے تعلق ازدواج میں اسی آخری نکتے کو اہمیت ہونی چاہیے۔
دیگر امور ضمنی اور اضافی ہیں۔
اگر حاصل ہوں تو فبہا اور یہ عظیم نعمت ہیں۔
ورنہ اتنی اہمیت کے حامل نہیں ہیں کہ ان کی وجہ سے اصل چیز دین داری کو نظرانداز کردیا جائے۔

   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث\صفحہ نمبر: 2047   
  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 3635  
1
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
لوگ عام طور پر نکاح کرتے وقت عورت کے حسن وجمال اور مال وخاندان کو دیکھتے ہیں اس کے دین واخلاق کی باری بالکل آخر میں آتی ہے۔
حالانکہ اسلامی رو سے اصل چیز عورت کا دین وایمان اور اس کا اخلاق ہے۔
دین کی بنیاد پر اگردوسری چیزیں بھی موجود ہوں تو نور علی نور ہے لیکن دین کو چھوڑ کر باقی خصائل یا وجوہ اسباب کو اختیار کرنا مرد کے لیے پریشانی کا باعث ہے جیسا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
عورت سے شادی محض حسن وجمال کی بنا پر نہ کرو کیونکہ ان کا حسن،
ان کی تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔
نہ مال کی خاطر شادی کرو۔
مال سرکش اور طغیان کا سبب بن جاتا ہے۔
لیکن دین کی بنیاد پر شادی کرو،
دیندار سیاہ اور بد سلیقہ لونڈی بھی افضل ہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث\صفحہ نمبر: 3635   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.