ابوبکر بن ابی شیبہ، محمد بن عبداللہ بن نمیر اور ابوسعید اشج نے ہمیں حدیث بیان کی۔۔ الفاظ ابوبکر کے ہیں۔۔ انہوں نے کہا: ہمیں حفص بن غیاث نے حدیث بیان کی، نیز ہمیں عمر بن حفص بن غیاث نے حدیث بیان کی۔ انہوں نے کہا؛ ہمیں میرے والد نے اپنے دادا طلق بن معاویہ سے حدیث بیان کی، انہوں نے ابوزرعہ بن عمرو بن جریر سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: ایک عورت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اپنے بچے کو لے کر آئی اور کہا: اللہ کے نبی! اللہ تعالیٰ سے اس کے حق میں دعا فرمائیے، میں تین بچے دفن کر چکی ہوں۔ آپ نے فرمایا: "تم نے تین (بچوں) کو دفن کیا ہے؟" اس نے کہا: جی ہاں، آپ نے فرمایا: "تم نے دوزخ سے بچنے کے لیے ایک مضبوط باڑ لگا دی ہے۔" عمر (بن حفص) نے کہا: انہوں نے اپنے دادا (طلق) سے روایت کی اور باقیوں نے کہا: طلق سے روایت ہے اور دادا کا ذکر نہیں کیا۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں ایک عورت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اپنا ایک بچہ لے کر آئی اور درخواست کی، اے اللہ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !آپ اس کے لیے اللہ سے دعا فرمائیں، میں اپنے تین بچے دفن کر چکی ہوں، آپ نے فرمایا"کیا تونے تین بچے دفن کیے ہیں؟"اس نے کہا ہاں آپ نے فرمایا:" تونے آگ سے مضبوط باڑبنالی ہے۔"عمر بن حفص نے عن جدہ اپنے دادے سے کہا باقی راویوں نے صرف عن مطلق کہا،