وکیع نے ہمیں سفیان سے حدیث بیان کی، انہوں نے محمد بن منکدر سے انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی، کہا: جب میں نے شادی کی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے پوچھا: ”کیا تم نے بچھونوں کے غلاف بنائے ہیں؟“ میں نے عرض کی: ہمارے پاس غلاف کہاں سے آئے؟ آپ نے فرمایا: ”اب عنقریب ہو جائیں گے۔“ حضرت جابر رضی اللہ عنہما نے کہا: میری بیوی کے پاس ایک غلاف تھا میں اس سے کہتا تھا: اسے مجھ سے دور رکھو، اور وہ کہتی تھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا: ”عنقریب غلاف ہوا کریں گے۔“
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہما بیان کرتے ہیں، جب میں نے شادی کی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ”کیا تم نے قالین رکھے ہیں؟“ میں نے عرض کیا، ہمارے پاس قالین کہاں؟ آپﷺ نے فرمایا: ”ہاں، یہ عنقریب ہوں گے۔“ حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں، میری بیوی کے پاس ایک غالیچہ ہے، میں کہتا ہوں، اسے مجھ سے دور کر دو، وہ کہتی ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرما چکے ہیں ”یہ عنقریب ہوں گے۔“