🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الحمدللہ ! آج حدیث مبارک کی دو نئی کتب مسند أبي يعلى الموصلي اور المعجم الأوسط اردو عربی سرچ سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔ News
مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد سے متعلقہ
تمام کتب
ترقیم شاملہ
عربی
اردو
حدیث کتب میں نمبر سے حدیث تلاش کریں:

مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد میں نمبر سے تلاش کل احادیث (18776)
حدیث نمبر لکھیں:
مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد میں عربی لفظ/الفاظ تلاش کریں
عربی لفظ / الفاظ لکھیں:
مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد میں اردو لفظ/الفاظ تلاش کریں
اردو لفظ / الفاظ لکھیں:

100. بَابُ مَا جَاءَ فِي الدَّجَّالِ .
دجال کے بارے میں جو کچھ منقول ہے
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 12540
وَعَنْ عَمْرِو بْنِ عَوْفٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" لَا تَذْهَبُ الدُّنْيَا حَتَّى تَكُونَ رَابِطَةٌ مِنَ الْمُسْلِمِينَ بِمَوْضِعٍ يُقَالُ لَهُ بُولَانُ حَتَّى يُقَاتِلُوا بَنِي الْأَصْفَرِ، يُجَاهِدُونَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ لَا تَأْخُذُهُمْ فِي اللَّهِ لَوْمَةُ لَائِمٍ حَتَّى يَفْتَحَ اللَّهُ عَلَيْهِمْ قُسْطَنْطِينِيَّةَ وَرُومِيَّةَ بِالتَّسْبِيحِ وَالتَّكْبِيرِ، فَيَهْدِمُ حِصْنَهَا وَحَتَّى يُقَسِّمُوا الْمَالَ بِالْأَتْرِسَةِ". قَالَ:" ثُمَّ يَصْرُخُ صَارِخٌ: يَا أَهْلَ الْإِسْلَامِ، قَدْ خَرَجَ الْمَسِيحُ الدَّجَّالُ فِي بِلَادِكُمْ وَدِيَارِكُمْ. فَيَقُولُونَ: مَنْ هَذَا الصَّارِخُ؟ فَلَا يَعْلَمُونَ مَنْ هُوَ، فَيَبْعَثُونَ طَلِيعَةً تَنْظُرُ هَلْ هُوَ الْمَسِيحُ فَيَرْجِعُونَ إِلَيْهِمْ فَيَقُولُونَ: لَمْ نَرَ شَيْئًا وَلَمْ نَسْمَعْهُ. فَيَقُولُونَ: وَاللَّهِ إِنَّهُ، وَاللَّهِ مَا صَرَخَ الصَّارِخُ إِلَّا مِنَ السَّمَاءِ أَوْ مِنَ الْأَرْضِ، تَعَالَوْا نَخْرُجْ بِأَجْمَعِنَا، فَإِنْ يَكُنِ الْمَسِيحُ بِهَا نُقَاتِلْهُ حَتَّى يَحْكُمَ اللَّهُ بَيْنَنَا وَبَيْنَهُ وَهُوَ خَيْرُ الْحَاكِمِينَ، وَإِنْ تَكُنِ الْأُخْرَى فَإِنَّهَا بِلَادُكُمْ وَعَسَاكِرُكُمْ وَعَشَائِرُكُمْ رَجَعْتُمْ إِلَيْهَا". قُلْتُ: رَوَاهُ ابْنُ مَاجَهْ بِاخْتِصَارٍ. رَوَاهُ الْبَزَّارُ، وَفِيهِ كَثِيرُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ، ضَعَّفَهُ الْجُمْهُورُ وَحَسَّنَ التِّرْمِذِيُّ حَدِيثَهُ.
سیدنا عمرو بن عوف رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”دنیا اس وقت تک ختم نہیں ہو گی جب تک مسلمانوں کے رابطے کی جگہ ”بولان“ نامی جگہ نہیں ہو گی، یہاں تک کہ وہ لوگ بنو اصفر کے ساتھ جنگ کریں گے، وہ اللہ کی راہ میں جہاد کریں گے اور اللہ تعالیٰ کے بارے میں کسی ملامت کرنے والے کی ملامت انہیں گرفت میں نہیں لے گی، یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ ان کے لئے قسطنطنیہ اور رومیہ کو فتح کر دے گا، جو تسبیح اور تکبیر کے ذریعے ہو گا، وہاں کے قلعے کو مسمار کر دیا جائے گا، اور وہ لوگ مال کو ڈھالوں میں رکھ کے تقسیم کریں گے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: پھر ایک پکارنے والا پکار کر کہے گا: اے اہل اسلام! تمہارے علاقوں میں اور تمہارے شہروں میں دجال نکل آیا، تو وہ لوگ کہیں گے یہ پکارنے والا شخص کون ہے؟ وہ لوگ یہ نہیں جانیں گے کہ وہ کون ہے؟ پھر وہ ایک شخص کو بھیجیں گے، تاکہ وہ اس بات کا جائزہ لے کہ کیا دجال آ گیا ہے، وہ آگے جانے والے لوگ واپس آ کر یہ بتائیں گے کہ ہمیں تو کوئی چیز نہیں دکھائی دی، اور ہم نے تو یہ بات نہیں سنی، تو وہ لوگ کہیں گے: اللہ کی قسم! اس پکارنے والے نے آسمان سے پکارا ہو گا یا زمین سے پکارا ہو گا، چلو آؤ ہم سب نکلتے ہیں، اگر تو دجال نکل آیا ہوا، تو ہم اس کے ساتھ جنگ کریں گے، یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اور اس کے درمیان فیصلہ دیدے اور وہ بہترین فیصلہ دینے والا ہے، اور اگر دوسری صورت حال ہوئی، تو وہ تمہارے علاقے ہیں، تمہارے لشکر ہیں، تمہارے خاندان وہاں ہے، تم ان کی طرف واپس چلے جاؤ گے۔“ (علامہ ہیثمی فرماتے ہیں:) میں یہ کہتا ہوں یہ روایت امام ابن ماجہ نے اختصار کے ساتھ نقل کی ہے۔
یہ روایت امام بزار نے نقل کی ہے۔ اس کی سند میں ایک راوی کثیر بن عبداللہ ہے، جسے جمہور نے ضعیف قرار دیا ہے، امام ترمذی نے اس کی نقل کردہ حدیث کو حسن قرار دیا ہے۔ [مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد/كِتَابُ الْفِتَنِ - أَعَاذَنَا اللَّهُ مِنْهَا/حدیث: 12540]
تخریج الحدیث: «اخرجه البزار فى المسند (3386)، أخرجه مسند البزار برقم: 3390»

الحكم على الحديث:
إسنادہ ضعیف
مزید تخریج الحدیث شرح دیکھیں
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 12541
وَعَنْ عُبَادَةَ بْنِ الصَّامِتِ أَنَّهُ قَالَ: إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - قَالَ:" إِنِّي قَدْ حَدَّثْتُكُمْ عَنِ الدَّجَّالِ حَتَّى حَسِبْتُ - وَذَكَرَ كَلِمَةً - أَلَا وَإِنَّهُ رَجُلٌ قَصِيرٌ أَفْحَجُ جَعْدٌ أَعْوَرُ، مَمْسُوحُ الْعَيْنِ لَيْسَتْ بِقَائِمَةٍ وَلَا جَحْرَاءَ، فَإِنِ الْتَبَسَ عَلَيْكُ فَاعْلَمُوا أَنَّكُمْ لَنْ تَرَوْا رَبَّكُمْ حَتَّى تَمُوتُوا". رَوَاهُ الْبَزَّارُ، وَفِيهِ بَقِيَّةُ وَهُوَ مُدَلِّسٌ.
سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”میں نے تمہیں دجال کے بارے میں اتنا کچھ بتایا ہے کہ مجھے اندیشہ ہوا (پھر آپ نے ایک لفظ ذکر کیا) خبردار! وہ ایک کوتاہ قامت کا شخص ہو گا، جس کے دو زانوں کے درمیان کی جگہ چوڑی ہو گی، وہ گھنگریالے بالوں والا کانا شخص ہو گا، جس کی ایک آنکھ نہیں ہو گی، نہ تو وہ قائم ہو گی اور نہ ہی وہ خالی گڑھا ہو گی، اگر تمہیں اس حوالے سے الجھن ہے، تو تم لوگ یہ بات جان لو کہ تم اپنے پروردگار کا دیدار اس وقت تک نہیں کر سکتے جب تک تم مر نہیں جاؤ گے۔“
یہ روایت امام بزار نے نقل کی ہے، اور اس کی سند میں ایک راوی بقیہ ہے، اور وہ مدلس ہے۔ [مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد/كِتَابُ الْفِتَنِ - أَعَاذَنَا اللَّهُ مِنْهَا/حدیث: 12541]
تخریج الحدیث: «اخرجه البزار فى المسند (3389)»

الحكم على الحديث:
إسنادہ ضعیف
مزید تخریج الحدیث شرح دیکھیں
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 12542
وَعَنْ نَهْيِكِ بْنِ صُرَيْمٍ السَّكُونِيِّ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" لَتُقَاتِلُنَّ الْمُشْرِكِينَ حَتَّى يُقَاتِلَ بَقِيَّتُكُمُ الدَّجَّالَ عَلَى نَهْرِ الْأُرْدُنِّ أَنْتُمْ شَرْقِيَّهُ وَهُمْ غَرْبِيَّهُ"، وَلَا أَدْرِي أَيْنَ الْأُرْدُنُّ يَوْمَئِذٍ [ مِنَ الْأَرْضِ ] . رَوَاهُ الطَّبَرَانِيُّ وَالْبَزَّارُ، وَرِجَالُ الْبَزَّارِ ثِقَاتٌ.
سیدنا نہیک بن صریم سکونی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”تم لوگ ضرور مشرکین کے ساتھ جنگ کرو گے، یہاں تک کہ تمہارے باقی رہ جانے والے لوگ نہر اردن کے پاس دجال کے ساتھ جنگ کریں گے، تم مشرق کی سمت میں ہو گے، اور وہ مغربی سمت میں ہو گا۔“ راوی کہتے ہیں: مجھے نہیں معلوم اس وقت اردن زمین میں کہاں تھا۔
یہ روایت امام طبرانی اور امام بزار نے نقل کی ہے، اور امام بزار کے رجال ثقہ ہیں۔ [مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد/كِتَابُ الْفِتَنِ - أَعَاذَنَا اللَّهُ مِنْهَا/حدیث: 12542]
تخریج الحدیث: «اخرجه البزار فى المسند (3387)»

الحكم على الحديث:
إسنادہ صحیح
مزید تخریج الحدیث شرح دیکھیں
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 12543
وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: سَمِعْتُ أَبَا الْقَاسِمِ الصَّادِقَ الْمَصْدُوقَ يَقُولُ:" يَخْرُجُ أَعْوَرُ الدَّجَّالِ مَسِيحُ الضَّلَالَةِ قِبَلَ الْمَشْرِقِ فِي زَمَنِ اخْتِلَافٍ مِنَ النَّاسِ وَفُرْقَةٍ، فَيَبْلُغُ مَا شَاءَ اللَّهُ أَنْ يَبْلُغَ مِنَ الْأَرْضِ فِي أَرْبَعِينَ يَوْمًا اللَّهُ أَعْلَمُ مَا مِقْدَارُهَا، فَيَلْقَى الْمُؤْمِنُونَ شِدَّةً شَدِيدَةً. ثُمَّ يَنْزِلُ عِيسَى ابْنُ مَرْيَمَ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - مِنَ السَّمَاءِ فَيَؤُمُّ النَّاسَ، فَإِذَا رَفَعَ رَأْسَهُ مِنْ رَكْعَتِهِ قَالَ: سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَهُ، قَتَلَ اللَّهُ الْمَسِيحَ الدَّجَّالَ وَظَهَرَ الْمُسْلِمُونَ". فَأَحْلِفُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - أَبَا الْقَاسِمِ الصَّادِقَ الْمَصْدُوقَ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - قَالَ:" إِنَّهُ لَحَقٌّ، وَأَمَّا أَنَّهُ قَرِيبٌ فَكُلُّ مَا هُوَ آتٍ قَرِيبٌ". رَوَاهُ الْبَزَّارُ، وَرِجَالُهُ رِجَالُ الصَّحِيحِ غَيْرَ عَلِيِّ بْنِ الْمُنْذِرِ وَهُوَ ثِقَةٌ.
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: میں نے سیدنا ابوالقاسم صلی اللہ علیہ وسلم جو صادق و مصدوق ہیں، انہیں یہ بیان کرتے ہوئے سنا ہے: ”کانا دجال جو گمراہی والا ہو گا وہ مشرق کی طرف سے اس وقت نکلے گا، جب لوگوں کے درمیان اختلافات اور فرقہ بندی پائی جاتی ہو گی اور وہ چالیس دن تک جہاں تک اللہ کو منظور ہو گا، وہاں تک جائے گا، اس کی مقدار کے بارے میں اللہ بہتر جانتا ہے، مومنین کو اس دوران سخت مشکل کا سامنا ہو گا، سیدنا عیسیٰ بن مریم علیہ السلام آسمان سے نازل ہوں گے، وہ لوگوں کی امامت کریں گے، پھر جب وہ رکوع سے سر اٹھائیں گے، اور سمع اللہ لمن حمدہ کہیں گے، تو اللہ تعالیٰ دجال کو مار دے گا، اور مسلمان غلبہ پا لیں گے۔“ میں یہ حلف اٹھاتا ہوں کہ سیدنا ابوالقاسم صادق و مصدوق صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بات ارشاد فرمائی ہے: ”بات حق ہے اور یہ بات قریب ہے، جو چیز بھی آنے والی ہو وہ قریب ہوتی ہے۔“
یہ روایت امام بزار نے نقل کی ہے اور اس کے رجال صحیح کے رجال ہیں، صرف علی بن منذر کا معاملہ مختلف ہے، اور وہ ثقہ ہے۔ [مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد/كِتَابُ الْفِتَنِ - أَعَاذَنَا اللَّهُ مِنْهَا/حدیث: 12543]
تخریج الحدیث: «اخرجه البزار فى المسند (3396)»

الحكم على الحديث:
إسنادہ صحیح۔
مزید تخریج الحدیث شرح دیکھیں
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 12544
وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" إِنَّكُمْ سَتَفْتَحُونَ مَدِينَةَ هِرَقْلَ أَوْ قَيْصَرَ وَتَقْتَسِمُونَ أَمْوَالَهَا بِالتِّرْسَةِ، وَيُسْمِعُهُمُ الصَّرِيخُ أَنَّ الدَّجَّالَ قَدْ خَلَفَهُمْ فِي أَهَالِيهِمْ، فَيُلْقُونَ مَا مَعَهُمْ وَيَخْرُجُونَ فَيُقَاتِلُونَ". رَوَاهُ الطَّبَرَانِيُّ فِي الْأَوْسَطِ، وَرِجَالُهُ ثِقَاتٌ.
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”تم لوگ عنقریب ہرقل (راوی کو شک ہے شاید یہ الفاظ ہیں:) قیصر کا شہر فتح کر لو گے، اور تم وہاں کے اموال کو ڈھالوں میں ڈال کے تقسیم کرو گے، اسی دوران کوئی شخص پکار کر کہے گا: تمہارے پیچھے تمہارے گھر والوں میں دجال آ چکا ہے، تو وہ لوگ اپنے پاس موجود سب چیزوں کو ایک طرف رکھیں گے، اور نکل کھڑے ہوں گے، اور جنگ کریں گے۔“
یہ روایت امام طبرانی نے معجم اوسط میں نقل کی ہے، اور اس کے رجال ثقہ ہیں۔ [مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد/كِتَابُ الْفِتَنِ - أَعَاذَنَا اللَّهُ مِنْهَا/حدیث: 12544]
تخریج الحدیث: «اخرجه الطبراني فى المعجم الاوسط (627)»

الحكم على الحديث:
إسنادہ صحیح
مزید تخریج الحدیث شرح دیکھیں
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 12545
وَعَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" لَا يَنْزِلُ الدَّجَّالُ الْمَدِينَةَ وَلَكِنَّهُ بَيْنَ الْخَنْدَقِ، وَعَلَى كُلِّ نَقْبٍ مِنْهَا مَلَائِكَةٌ يَحْرُسُونَهَا، فَأَوَّلُ مَنْ يَتَّبِعُهُ النِّسَاءُ فَيُؤْذُونَهُ، فَيَرْجِعُ غَضْبَانَ حَتَّى يَنْزِلَ الْخَنْدَقَ، فَعِنْدَ ذَلِكَ يَنْزِلُ عِيسَى ابْنُ مَرْيَمَ". رَوَاهُ الطَّبَرَانِيُّ فِي الْأَوْسَطِ، وَرِجَالُهُ رِجَالُ الصَّحِيحِ غَيْرَ عُقْبَةَ بْنِ مُكْرَمِ بْنِ عُقْبَةَ الضَّبِّيِّ وَهُوَ ثِقَةٌ.
ان کے حوالے سے یہ بات منقول ہے: وہ بیان کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”دجال مدینہ منورہ میں داخل نہیں ہو سکے گا بلکہ وہ خندق کے درمیان ٹھہرے گا، مدینہ کے ہر راستے پر فرشتے موجود ہوں گے جو اس شہر کی حفاظت کر رہے ہوں گے، سب سے پہلے اس کی پیروی کرنے والی عورتیں ہوں گی، وہ لوگ اسے اذیت پہنچائیں گے، یہاں تک کہ وہ غصے کے عالم میں واپس جائے گا، یہاں تک کہ خندق کے پاس پڑاؤ کرے گا، اس وقت سیدنا عیسیٰ بن مریم علیہ السلام کا نزول ہو گا۔“
یہ روایت امام طبرانی نے معجم اوسط میں نقل کی ہے اور اس کے رجال صحیح کے رجال ہیں صرف عقبہ بن مکرم بن عقبہ ضبی کا معاملہ مختلف ہے، اور وہ ثقہ ہے۔ [مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد/كِتَابُ الْفِتَنِ - أَعَاذَنَا اللَّهُ مِنْهَا/حدیث: 12545]
تخریج الحدیث: «أخرجه المعجم الأوسط للطبراني برقم: 5461»

الحكم على الحديث:
إسنادہ صحیح۔
مزید تخریج الحدیث شرح دیکھیں
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 12546
وَعَنْ جَابِرٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - وَهُوَ يَذْكُرُ الْمَسِيحَ الدَّجَّالَ:" إِنِّي سَأَقُولُ لَكُمْ فِيهِ كَلِمَةً مَا قَالَهَا نَبِيٌّ قَبْلِي، إِنَّهُ أَعْوَرُ، وَلَيْسَ اللَّهُ بِأَعْوَرَ، بَيْنَ عَيْنَيْهِ كِتَابٌ كَافِرٌ"، قَالَ جَابِرٌ عَنِ النَّبِيِّ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" يَقْرَؤُهُ كُلُّ مُؤْمِنٍ كَاتِبٍ وَغَيْرِ كَاتِبٍ، يَسِيحُ فِي الْأَرْضَ أَرْبَعِينَ يَوْمًا، يَرِدُ كُلَّ بَلَدٍ غَيْرَ هَاتَيْنِ الْمَدِينَتَيْنِ: الْمَدِينَةِ وَمَكَّةَ حَرَّمَهُمَا اللَّهُ عَلَيْهِ، يَوْمٌ مِنْ أَيَّامِهِ كَالسَّنَةِ، وَيَوْمٌ كَالشَّهْرِ، وَيَوْمٌ كَالْجُمُعَةِ، وَبَقِيَّةُ أَيَّامِهِ كَأَيَّامِكُمْ هَذِهِ، لَا يَبْقَى إِلَّا أَرْبَعِينَ يَوْمًا". رَوَاهُ الطَّبَرَانِيُّ فِي الْأَوْسَطِ، وَفِيهِ زَمْعَةُ بْنُ صَالِحٍ وَهُوَ ضَعِيفٌ.
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دجال کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: ”میں تمہیں اس کے بارے میں ایک ایسی بات بتاؤں گا، جو مجھ سے پہلے کسی نبی نے نہیں بتائی، وہ کانا ہو گا اور اللہ تعالیٰ کانا نہیں ہے، اور دجال کی دونوں آنکھوں کے درمیان کافر لکھا ہوا ہو گا۔“ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے یہ بھی بات نقل کرتے ہیں: ہر مومن شخص خواہ وہ پڑھا لکھا ہو یا پڑھا لکھا نہ ہو، اس لفظ کو پڑھ سکے گا، دجال زمین میں چالیس دن تک رہے گا، وہ ہر شہر تک پہنچ جائے گا، صرف ان دو شہروں تک نہیں آ سکے گا، مدینہ اور مکہ، اللہ تعالیٰ نے ان دونوں شہروں کو اس کے لئے حرام قرار دیا ہے۔ اس کے دنوں میں سے ایک دن ایک سال کا ہو گا، ایک دن ایک مہینے کا ہو گا، ایک دن ایک ہفتے کا ہو گا اور باقی کے دن تمہارے عام دنوں کی مانند ہوں گے وہ صرف چالیس دن رہے گا۔“
یہ روایت امام طبرانی نے معجم اوسط میں نقل کی ہے۔ اس کی سند میں ایک راوی زمعہ بن صالح ہے اور وہ ضعیف ہے۔ [مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد/كِتَابُ الْفِتَنِ - أَعَاذَنَا اللَّهُ مِنْهَا/حدیث: 12546]
تخریج الحدیث: «أخرجه مسند أحمد برقم: 14537»

الحكم على الحديث:
إسنادہ ضعیف
مزید تخریج الحدیث شرح دیکھیں
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 12547
وَعَنْ أَنَسٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" أَنَا أَوَّلُ مَنْ يَدْخُلُ الْجَنَّةَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ وَأَشْفَعُ، وَسَيُدْرِكُ رِجَالٌ مِنْ أُمَّتِي عِيسَى ابْنَ مَرْيَمَ وَيَشْهَدُونَ قِتَالَ الدَّجَّالِ". رَوَاهُ الطَّبَرَانِيُّ فِي الْأَوْسَطِ، وَفِيهِ مُعَاوِيَةُ بْنُ وَاهِبٍ وَلَمْ أَعْرِفْهُ.
سیدنا انس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”قیامت کے دن جنت میں داخل ہونے والا سب سے پہلا فرد اور شفاعت کرنے والا سب سے پہلا فرد ”میں“ ہوؤں گا، اور میری امت کے کچھ افراد سیدنا عیسیٰ بن مریم علیہ السلام کا زمانہ پائیں گے اور وہ دجال کے ساتھ جنگ میں شریک ہوں گے۔“
یہ روایت امام طبرانی نے معجم اوسط میں نقل کی ہے۔ اس کی سند میں ایک راوی معاویہ بن واہب ہے اور میں اس سے واقف نہیں ہوں۔ [مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد/كِتَابُ الْفِتَنِ - أَعَاذَنَا اللَّهُ مِنْهَا/حدیث: 12547]
تخریج الحدیث: «اخرجه ابو يعلى فى المسند (2820)، أخرجه المطالب العالية بزوائد المسانيد الثمانية برقم: 4506»

الحكم على الحديث:
إسنادہ ضعیف
مزید تخریج الحدیث شرح دیکھیں
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 12548
وَعَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ بُسْرٍ أَنَّهُ سَمِعَ رَسُولَ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - يَقُولُ:" لَيُدْرِكَنَّ الدَّجَّالَ مَنْ أَدْرَكَنِي أَوْ لَيَكُونَنَّ قَرِيبًا مِنْ مَوْتِي". رَوَاهُ الطَّبَرَانِيُّ فِي الْأَوْسَطِ عَنْ شَيْخِهِ مُحَمَّدِ بْنِ عِيسَى بْنِ شُعَيْبٍ وَلَمْ أَعْرِفْهُ، وَبَقِيَّةُ رِجَالِهِ ثِقَاتٌ.
سیدنا عبدالله بن بسر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا ہے: ”دجال کو وہ لوگ پا لیں گے جنہوں نے مجھے پایا ہے، یا پھر وہ میرے انتقال کے قریب ہی ظاہر ہو گا۔“
یہ روایت امام طبرانی نے معجم اوسط میں اپنے استاد محمد بن عیسیٰ بن شعیب کے حوالے سے نقل کی ہے، اور میں اس سے واقف نہیں ہوں۔ اس روایت کے بقیہ رجال ثقہ ہیں۔ [مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد/كِتَابُ الْفِتَنِ - أَعَاذَنَا اللَّهُ مِنْهَا/حدیث: 12548]

الحكم على الحديث:
إسنادہ ضعیف
مزید تخریج الحدیث شرح دیکھیں
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 12549
وَعَنِ الْعُرْيَانِ بْنِ الْهَيْثَمِ قَالَ: دَخَلْتُ عَلَى يَزِيدَ بْنِ مُعَاوِيَةَ، فَبَيْنَا نَحْنُ عِنْدَهُ جُلُوسٌ إِذْ أَتَاهُ رَجُلٌ فَأَخَذَ مِرْفَقَتَهُ فَاتَّكَأَ عَلَيْهَا. قُلْنَا: مَنْ هَذَا؟ قَالَ بَعْضُهُمْ: هَذَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عَمْرٍو. قَالَ بَعْضُنَا: يَا عَبْدَ اللَّهِ بْنَ عَمْرٍو، إِنَّا لَنُحَدِّثُ عَنْكَ أَحَادِيثَ. قَالَ: إِنَّكُمْ مَعَاشِرَ أَهْلِ الْعِرَاقِ تَأْخُذُونَ الْأَحَادِيثَ مِنْ أَسَافِلِهَا وَلَا تَأْخُذُونَهَا مِنْ أَعَالِيهَا. وَذَكَرُوا الدَّجَّالَ، فَقَالَ: أَبِأَرْضِكُمْ أَرْضٌ يُقَالُ لَهَا كُوثًا ذَاتُ سِبَاخٍ وَنَخْلٍ؟ قُلْنَا: نَعَمْ. قَالَ: فَإِنَّهُ يَخْرُجُ مِنْهَا. رَوَاهُ الطَّبَرَانِيُّ، وَرِجَالُهُ ثِقَاتٌ.
عریان بن ہیثم بیان کرتے ہیں: میں یزید بن معاویہ کے پاس آیا، ہم اس کے پاس بیٹھے ہوئے تھے، اسی دوران ایک شخص ان کے پاس آیا، اس نے اس کا تکیہ پکڑا اور اس پر ٹیک لگا لی، ہم نے دریافت کیا: یہ کون صاحب ہیں؟ تو کسی نے بتایا: یہ سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ ہیں، ہم میں سے کسی نے کہا: اے سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ! ہم آپ کے حوالے سے احادیث سنتے رہتے ہیں۔ انہوں نے فرمایا: اے اہل عراق تم لوگ ہر نیچے کے طبقے سے حدیث حاصل کر لیتے ہو اور بلند طبقے سے حاصل نہیں کرتے ہو، لوگوں نے دجال کا ذکر کیا تو سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ نے دریافت کیا: کیا تمہارے علاقے میں کوئی ایسی جگہ ہے جس کا نام ”کوثا“ ہو گا، جو شوریدہ زمین ہو اور وہاں کھجوروں کے درخت بھی ہوں، تو ہم نے جواب دیا: جی ہاں۔ تو سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ نے بتایا: دجال وہاں سے نکلے گا۔
یہ روایت امام طبرانی نے نقل کی ہے اور اس کے رجال ثقہ ہیں۔ [مجمع الزاوئد ومنبع الفوائد/كِتَابُ الْفِتَنِ - أَعَاذَنَا اللَّهُ مِنْهَا/حدیث: 12549]

الحكم على الحديث:
إسنادہ صحیح
مزید تخریج الحدیث شرح دیکھیں