كتاب التجارات کتاب: تجارت کے احکام و مسائل 18. بَابُ: بَيْعِ الْخِيَارِ باب: اختیاری خریداری کا بیان۔
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک اعرابی (دیہاتی) سے ایک بوجھ چارا خریدا، پھر جب بیع مکمل ہو گئی، تو آپ نے اس سے فرمایا: ”تجھ کو اختیار ہے“ (بیع کو باقی رکھ یا منسوخ کر دے) تو دیہاتی نے کہا: اللہ آپ کی عمردراز کرے میں بیع کو باقی رکھتا ہوں ۱؎۔
تخریج الحدیث: «سنن الترمذی/البیوع 27 (1249)، (تحفة الأشراف: 2834) (حسن)»
وضاحت: ۱؎: ایسی صورت میں جب طرفین بیع کو اختیار کر لیں تو خیار مجلس باقی نہ رہے گا، جیسے اوپر کی حدیث میں گزرا۔ قال الشيخ الألباني: حسن
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بیع بیچنے والے اور خریدنے والے کی باہمی رضا مندی سے منعقد ہوتی ہے“۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 4076، ومصباح الزجاجة: 768) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
|